تحریک انصاف کی حکومت کو گھر جانا ہو گا، احسن اقبا ل

07:12 PM, 19 Oct, 2019

لاہور: احسن اقبال نے حکومتی مذاکراتی ٹیم پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم گالیاں نکالے اور وزراء مذاکرات کا جھانسہ دیں، ممکن نہیں نااہل اور نالائق حکومت قومی، دفاعی، خارجی سلامتی و بقاءکا مسئلہ بن چکی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو جانا ہو گا، احتجاج عوام کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، مفتی یو ٹرن فضائل دھرنا اور استعفی پر اپنے فتاوی کا مطالعہ کریں۔ حکومتی مذاکرات کی پیشکش بغل میں چھری، منہ پہ رام رام کے مترادف ہے۔

 

لیگی رہنمانے کہا  کہ 126 دن کے دھرنے میں سکول بند رہے، چینی صدر کا دورہ نہ ہوسکا، مذاکرات سے پہلے عمران خان 2014ء کے دھرنے پہ قوم اور نواز شریف سے معافی مانگیں، پی ٹی وی، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ پر چڑھائی کرنے والے کس منہ سے آج درس دے رہے ہیں؟

 

سابق وفاقی وزیر نے کہا  کہ سول نافرمانی، ہنڈی، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ لاؤ کے نعرے آج بھی لوگوں کے ذہن میں محفوظ ہیں، ایک طرف نالائق وزیراعظم مذاکراتی ٹیم کا دھوکہ دیتا ہے تو دوسری جانب سیاسی مخالفین کو گالیاں دیتا اور تضحیک کرتا ہے۔

 

احسن اقبال نے کہا  کہ حکومت کے پاس اپنی نالائقی اور نااہلی پر مبنی کارکردگی کے لئے کوئی بیانیہ موجود نہیں، شہبازشریف اور فضل الرحمن ہی نہیں پورا پاکستان آپ کو نااہل اور ناکام کہہ رہا ہے، پارلیمان کو تالا، اپوزیشن کو انتقامی کاروائی کا نشانہ، ہر مخالف آواز بند، ایسی فسطائیت کیخلاف کھڑے ہونا عین جمہوریت ہے۔

 

مزیدخبریں