اسلام آباد: حکومت نے جمعیت علمائے اسلام ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ نے جمعیت علمائے اسلام ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کے لیے سمری وزارتِ قانون اور الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔
وزارتِ قانون اور الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام لٹھ بردار ہے اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے ارسال کی گئی سمری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قانون میں کسی بھی قسم کی مسلح ملیشیا کی اجازت نہیں ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ جے یو آئی ف میں شامل تنظیم انصار الاسلام پارٹی منشور کی شق نمبر 26 کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمٰن باوردی محافظ دستے سے سلامی لیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ادھر خیبر پختونخوا کی حکومت مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے پر جے یو آئی ف کے محافظ دستے کے خلاف کارروائی کا اعلان کر چکی ہے۔