ابو ظبہی : قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر محمد عباس نے بڑے بڑوں کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبہی میں میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد عباس نے 10 وکٹیں اپنے نام کی .یہ 12 سال بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی فاسٹ بولر نے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لی ہیں۔
محمد عباس پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، اور اس طرح انھوں نے اس سیریز میں کل 17 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کیساتھ ساتھ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی لے اڑے ۔ان کے محض دس ٹیسٹ میچوں پر محیط کریئر میں یہ چوتھا موقع ہے کہ انھوں نے ایک ہی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
یاد رہے کہ محمد عباس متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔اس وقت محمد عباس 122 سالوں میں سب سے کم اوسط والے بولر ہیں۔انھوں نے پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ 18 ماہ قبل کھیلا تھا۔سنہ 1961 میں فریڈ ٹرومین نے آسٹریلیا کے خلاف 88 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کے بعد عباس واحد بولر بن گئے ہیں جنھوں نے سب سے کم رن (95) دے کر 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔