لاہور : پابندی کے باوجود کلب کرکٹ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کرکٹر احمد شہزاد کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے مثبت ڈوپ ٹیس آنے پر احمد شہزاد پر 4ماہ کی پابندی عائد کی تھی جو 10نومبر تک برقرار رہے۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے باوجود سوشل میڈیا اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ احمد شہزاد نے گزشتہ 12 دن کے دوران مسلم جیمخانہ کے لیے 7 میچز کھیلے جس کا بورڈ نے نوٹس لے لیا۔
پی سی بی نے احمد شہزاد کو جاری نوٹس میں کہا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ بورڈ کی جانب سے طے کردہ شقوں کے تحت معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے باوجود پابندی کے دوران پی سی بی اور اس کے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف کارروائی کیوں عمل میں نہ لائی جائے۔
پی سی بی نے احمد شہزاد کو 25اکتوبر یا اس سے قبل اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کی ہےواضح رہے کہ احمد شہزاد کا پاکستان کپ 2018 کے دوران ڈوپنگ ٹیسٹ لیا گیا اور ان کے خون کے نمونوں میں ممنوعہ اشیا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔