ابوظہبی: محمد عباس کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث پاکستان نے آسٹریلیا کو آخری ٹیسٹ میچ میں 373 رنز سے شکست دیکر سیریز 0-1سے جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 538 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 164 رنز پر آﺅٹ ہوگئی۔ عثمان خواجہ آسٹریلیا کو بیٹنگ کیلئے دستیاب نہیں تھے جس کے بعد کینگروز کے 9 کھلاڑی ہی بیٹنگ کرسکے۔
کھیل کے چوتھے روز ایرون فنچ 24 اور ٹریوس ہیڈ نے 17 رنز سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا مجموعی سکور 71 تک پہنچا تو ٹریوس ہیڈ 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپننگ بلے باز ایرون فنچ 31، شان مارش 5 اور کپتان ٹم پین صفر، مچل اسٹارک 28 اور پیٹر سڈل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 5 شکار کیے جب کہ یاسر شاہ 3 اور میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ گزشتہ روز قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کردی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں فخر زمان اور سرفراز احمد کے 94، 94 رنز کی اننگز کی بدولت 282 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح کینگروز کا پہلی اننگز کا خسارہ 137 ہو گیا تھا۔محمد عباس کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔