ابوظہبی :پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد آسٹریلیا کیخلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں گیند لگنے سے زخمی ہوگئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران گیند لگنے سے زخمی ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو چکر آنے کی شکایت کے بعد سی ٹی سکین کیلئے ہسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔پاکستانی کپتان نے رات کو سر چکرانے کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں احتیاطً ہسپتال لے جایا گیا تاکہ سی ٹی سکین سے صورتحال واضح ہوسکے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کے دوسرے دن بیٹنگ کے دوران سرفراز احمد کی کلائی پر مچل سٹارک کی گیند لگی تھی جبکہ تیسرے روز انہیں دوبارہ سر پر گیند لگی۔ڈاکٹرز کے مطابق سرفراز کی صحت تسلی بخش ہے تاہم انہیں پورے دن آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سرفراز کے باہر ہونے پر صبح سویرے پاکستان اے ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو دبئی سے ابوظہبی طلب کیا گیا جو کہ ٹیسٹ کے چوتھے دن وکٹ کیپنگ کررہے ہیں جبکہ اسد شفیق ،سرفراز احمد کی جگہ کپتانی کررہے ہیں۔