ممبئی:اپنے آپ کو مہان دیس کہنے والے بھارت کے اپنے ہی منہ پر طمانچہ ان کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے مارتے ہوئے بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرینیتی چوپڑا نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ وہ فلم کل دل میں پاکستانی اداکارعلی ظفر کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔پرینیتی چوپڑا نے علی ظفر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بالکل بھی ایسا نہیں لگا تھا کہ علی کا تعلق کسی دوسرے ملک سے ہے، ہم لوگ بالکل ایک جیسے ہیں، کیونکہ ہمارے ملک تقسیم ہونے سے پہلے ایک ہی تھے۔
ہماری انڈسٹری میں بہت سارے لوگ جیسے میک اپ آرٹسٹ، ہیئر اسٹائلسٹ وغیرہ کا تعلق جنوبی افریقہ اور افریقہ سمیت دیگر ممالک سے ہے اور ہمیں اس چیز کو مثبت انداز میں لینا چاہیے لہذا میں ذاتی طور پر بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے خلاف ہوں۔
پرینیتی نے فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں علی ظفر کے ساتھ ایک بار پھر کام کروں اور پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی بہت خواہش ہے، فواد خان ہماری انڈسٹری کے بہترین اداکار ہیں اگر مجھے موقع ملا تو ایک بار ان کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہوں گی۔