ماسکو :روس میں امسالہ فٹبال ورلڈ کپ مقابلوں کے انعقاد کے باعث روسی معیشت کو چودہ ارب امریکی ڈالر سے زائد کا فائدہ ہوا۔ فیفا ورلڈ کپ کے روسی منتظمین کے مطابق یہ رقم روس کی مجموعی اقتصادی پیداوار کے ایک فیصد سے زائد بنتی ہے۔
خلیجی ریاست قطر میں دوحہ سے منگل سولہ اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی کے باعث روسی معیشت میں آنے والی اضافی تیز بازاری کے مالیاتی فوائد سے متعلق یہ اعداد و شمار روسی میں اس ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ الیکسی سوروکِن نے جاری کیے۔
یہ اعداد و شمار الیکسی سوروکِن کی پیش کردہ اس رپورٹ کا حصہ ہیں، جن میں روس میں فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے انعقاد کے اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اگلے فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی 2022ء میں خلیج کی عرب ریاست قطر کرے گی۔ قطر ہی میں منعقدہ ایک کانفرنس میں سوروکِن نے یہ بھی کہا کہ روسی معیشت کو فٹبال کی عالمی چیمپئن شپ کے انعقاد سے جو فائدہ ہوا، اس کا حجم خود ماسکو کے لیے بھی بہت خوش آئند لیکن حیران کن ہے۔