آئندہ انتخابات آراوز کے انتخابات نہیں ہوں گے،آصف زرداری

09:01 PM, 19 Oct, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور: سابق صدر و   پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کل بھی طاقت تھی اور آج بھی قوت ہے،  آئندہ انتخابات آراوز کے انتخابات نہیں ہوں گے, سب کو پتا چل جائے گا  کہ عوام کی صرف ایک ہی پارٹی پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔

جمعرات کو اس امر کا اظہار آصف علی زرداری نے بلاول ہائوس لاہور میں لاہور ڈویژن سے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں کیا۔ سید  یوسف رضا  گیلانی، راجہ پرویز   اشرف، میاں منظور وٹو،   چوہدری منظور اور  دیگر رہنما بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ سابق صدر نے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے ان کے حلقوں کے حالات کے بارے میں دریافت کیا۔

آصف علی زداری نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابات کی زورو شور سے تیاریاں شروع کریں، یونین کونسل اور پولنگ اسٹیشن تک پارٹی کو منظم کریں اور ابھی سے پولنگ ایجنٹوں کی تربیت کرنا شروع کریں۔ آصف علی زردری نے کا کہ آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینا ہے اور پولنگ کے ختم ہونے تک اپنا کام جاری رکھنا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں آچکے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے نوجوانوں کو نوجوان قیادت دی ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کل بھی طاقت تھی اور آج بھی قوت ہے۔ پیپلزپارٹی جیسے جانثار اور دلیر کارکن کسی اور پارٹی میں نہیں ہیں اور یہ کارکن ہی ہمارا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات آراوز کے انتخابات نہیں ہوں گے اور سب کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کی صرف ایک ہی پارٹی پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے کونے کونے کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری سے پیر آف تونسہ شریف خواجہ عطااللہ خان تونسوی نے بھی ملاقات کی جبکہ سوات سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر دوست محمد خان اورسوات کے مسلم لیگ(ن) کے روحیل امین نے بھی ملاقات کرکے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں