وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کر دیا

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پشاور ریپیڈ بس ٹرانزٹ سسٹم صوبائی دارلحکومت میں ٹریفک اژدھام پر قابو پانے کے علاوہ پشاور  کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری میں چار چاند لگائے گا۔ یہ خیبرپختونخوا میں شروع کئے گئے سرمایہ کاری کے اہم منصوبوں میں شامل ہے۔ یہ منصوبہ شہر کی خوشحالی اور خطے کی اقتصادی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا اور پشاور کے بارے میں دُنیا کے تاثرات کو بھی بدل کر  رکھ  دے گا۔ اس شاہکار منصوبے کی بدولت ٹرانسپورٹرز سے لے کر ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز  تک کوئی بیروزگار نہیں ہو گاکیونکہ بس ریپیڈ کی منصوبہ بندی نہ صرف تمام شہریوں بلکہ ضروریات کے مطابق کی گئی ہے اور اس کی ہم صوبائی حکومت کی جانب سے گارنٹی دیتے ہیں۔

وہ چمکنی کے قریب بی آر ٹی راہداری منصوبہ پر کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر، ضلع ناظم محمد عاصم خان اور ڈائریکٹر جنرل پشاور ترقیاتی ادارہ سلیم وٹو نے بھی خطاب کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جبکہ تقریب میں کثیر تعداد میں صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی ، ناظمین ، کونسلروں اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔ پرویز خٹک نے کہا   کہ یہ منصوبہ پشاور   کی بدصورتی ختم کرنے کیلئے ہمارا  اگلا بڑا  قدم ہے۔ پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے کئی ٹھوس اقدامات کئے ہیں تاہم شہر میں ٹریفک کی رکاوٹیں گھمبیر ہو جانے کی وجہ سے شہریوں کی تکالیف کے علاوہ فضائی آلودگی کے مسائل میں بھی مسلسل اضافہ ہو  رہا تھا جس کا ریپیڈ بس کی بدولت ازالہ ہو جائے گا۔

انہوں نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ چھ مہینے کی ریکارڈ مدت میں مکمل کریں جبکہ شہریوں سے اپیل کی کہ شہر کے بہتر مستقبل کیلئے چھ مہینے کی یہ مشکلات صبر سے برداشت کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں انہوں نے کہا  کہ بس ریپیڈ کے علاوہ سی پیک پیکج کے تحت پشاور گریٹر سرکلر ریلوے کا عظیم الشان منصوبہ بھی جلد ازجلد مکمل کیا جا رہا ہے جس سے پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کے ساتھ ساتھ مالاکنڈ ایجنسی کو بھی اس جدید ٹرانسپورٹ سے جوڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح پشاور میں ہیرٹیج ٹریل منصوبے کے تحت گھنٹہ گھر سے گورگٹھری تک تمام قدیم اور تاریخی عمارات کو گلی کوچوں سمیت بحال اور خوبصورت بنایا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں