ریاض: سعودی عرب اور عراق کے درمیان تین عشروں پر محیط کشیدہ تعلقات کے دوران دونوں ملکوں کی ایک دوسرے کے لیے فضائی سروس معطل رہنے کے بعد سعودی عرب کا پہلا ہوائی جہاز گذشتہ روز بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت ٹرانسپورٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی ناس ایئرلائن کا ایک مسافر طیارہ 27 سال کے بعد عراق کی سرزمین پر اترا ہے۔ادھرعراقی وزیر برائے ٹرانسپورٹ کاظم فنجان الحمامی نے بغداد میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز الشمری سے ملاقات کی تھی۔دونوں رہنماؤں میں ہونے والی ملاقات میں فضائی سروس کی بحال پر اتفاق کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز سعودی عرب کی ناسایئرلائن کے جہاز کے بغداد اترنے کے بعد سعودی عرب کا ایک شاہی طیارہ بھی بغداد پہنچا ۔سعودی عرب نے عراق کے ہوائی جہازوں کی آمد ورفت کو اپنے ہوائی اڈوں پر تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ عراقی ایئرلائن کے جہازوں کو جدہ، مدینہ منورہ اور دمام کے ہوائی اڈوں پر اترنے کی اجازت ہے۔