بچن خاندان نے رواں سال مذہبی تہوار ”دیوالی“ منانے سے انکار کر دیا

 بچن خاندان نے رواں سال مذہبی تہوار ”دیوالی“ منانے سے انکار کر دیا

ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور ”بچن خاندان“ نے رواں سال ہندووں کا مذہبی تہوار ”دیوالی“ منانے سے انکار کر دیا ہے۔ دیوالی ہندووں کا مذہبی تہوار ہے جسے بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود ہندو برادری کے لوگ نہایت اہتمام سے مناتے ہیں۔ اس موقعے پر گھروں میں چراغاں کے ساتھ ایک دوسرے کو تحفے تحائف بھی دیئے جاتے ہیں۔

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے تمام فنکار چاہے ان کا تعلق ہندو مت سے ہو یا نہیں اس تہوار کا اہتمام کرتے ہیں اور اپنے گھروں میں دیوالی کی تقریبات منعقد کرتے ہیں جس میں فلم انڈسٹری کے تمام افراد شرکت کرتے ہیں۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، سلمان خان اور شوبز سے تعلق رکھنے والے دیگر مسلم فنکار بھی اپنے گھروں میں دیوالی کی پارٹی کا اہتمام کرتے ہیں۔ تاہم بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے گھر دی جانے والی پارٹی کے چرچے کئی دنوں تک میڈیا میں جاری رہتے ہیں۔

امیتابھ بچن ہر سال اپنے گھر دیوالی کی تقریب منعقد کرتے ہیں تاہم اس بار پوری بچن فیملی نے دیوالی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیتابھ کے اس فیصلے نے بھارتی میڈیا سمیت تمام فنکاروں کو حیرت زدہ کر دیا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بچن فیملی کے رواں سال ”دیوالی“ نہ منانے کی وجہ ایشوریا رائے کے والد کرشنا راج رائے ہیں۔ رواں سال مارچ میں ایشوریا رائے کے والد کرشنا راج رائے کا انتقال ہو گیا تھا اسی لیے بچن فیملی نے اس سال دیوالی منانے سے انکار کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ امیتابھ بچن سمیت ان کے گھر کے کسی بھی فرد نے بالی ووڈ فنکاروں کی جانب سے دی جانے والی پارٹیوں میں بھی شرکت نہیں کی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں