ریاض :دنیا بھر میں سفر کرنے والے یا ایک ملک سے دوسرے ملک جانے والے مسافروں کا سب سے بڑا مسلہ یہ ہوتا ہے کہ ان کومسافروں کے حقوق اور فرائض کا بالکل علم نہیں ہوتا ۔جس کی وجہ سے اکثر پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں ۔
سعودی عرب کے قانونی مشیر عبدالالہ العبیلان نے واضح کیا ہے کہ پروازوں میں غیر ضروری تاخیر پر مسافر خاموش نہ رہیں بلکہ اپنے حقوق کا مطالبہ کریں۔ محکمہ شہری دفاع مسافروں کے تحفظ کا لائحہ عمل جاری کر چکا ہے۔ اس میں مذکور حقوق پر عمل درآمد کا مطالبہ مسافروں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی کمپنی منظورشدہ فیلڈ رپورٹوں پر ہی امن و سلامتی کے تقاضوں کے تحت پروازوں میں تاخیر کی مجاز ہے۔ عام حالات میں فضائی کمپنی پرواز میں تاخیر کا اختیار نہیں رکھتی۔ فضائی کمپنی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرواز سے 45منٹ پہلے مسافر کو تاخیر سے مطلع کرے۔ ساتھ ہی پرواز کے نئے وقت سے بھی آگاہ کیا جائے۔
اگر پرواز میں تاخیر کی صورت میں مسافر ہوٹل میں قیام پذیر ہو تو پرواز کے نئے وقت یا متبادل پرواز کے بندوبست تک ہوٹل کے اخراجات فضائی کمپنی کو ادا کرنے ہوں گے۔ قانونی مشیر نے الریاض اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پرواز میں 6گھنٹے سے زیادہ تاخیر ہو رہی ہو یا اس کا امکان ہو تو ایسی حالت میں مسافر کو فضائی کمپنی سے پرواز کی منسوخی کی صورت میں حاصل ہونیوالے حقوق کے مطالبہ کا اختیار مل جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فضائی کمپنی شکایات کی وصولی کا طریقہ کار مقرر کرے۔
مسافر شروع میں فضائی کمپنی سے شکایت کر کے شکایت نمبر حاصل کر لے اور پھر تحفظ مسافر ادارے کو مذکورہ نمبر بھجوا دے۔ شکایت کے بعد 60دن کے اندر اندر مسافر کا مسئلہ حل کرنا فضائی کمپنی کی قانونی ذمہ داری ہے۔