ایف بی آر اور ورلڈ بینک کے درمیان ملاقات: محصولات بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم

11:08 PM, 19 Nov, 2024

اسلام آباد:چیئرمین وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین حسین سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس دوران دونوں فریقین نے پاکستان میں محصولات بڑھانے کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

ملاقات میں پاکستان ریزز ریونیو پروجیکٹ کو ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان سے ہم آہنگ کرنے پر بات چیت کی گئی۔ راشد محمود لنگڑیال نے ایف بی آر کی تبدیلی کے لیے حکومت کے وژن پر روشنی ڈالی اور اصلاحات کے مقصد کو محصولات میں اضافہ اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد میں آسانی قرار دیا۔

انہوں نے ٹیکس کمپلائنس میں خلا کو پر کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر گفتگو کی، جن میں ڈیجیٹائزیشن، انسانی وسائل کی صلاحیت میں اضافہ، انسداد سمگلنگ اقدامات اور ٹیکس انتظامی اصلاحات شامل ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر نے ورلڈ بینک سے مزید معاونت کی درخواست کی، جس میں ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کا قیام، سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن اور ان اقدامات کے لیے فزیبلٹی اسٹڈیز شامل ہیں۔

ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں محصولات بڑھانے کی کوششوں کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ٹیمیں پاکستان ریونیو پروگرام کے تحت ایف بی آر کی تبدیلی کے منصوبے پر مل کر کام کریں گی۔

ایف بی آر میں جاری اصلاحات میں سپلائی چین کی اینڈ ٹو اینڈ مانیٹرنگ، آٹومیٹڈ پروڈکشن مانیٹرنگ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی بنیاد پر ڈیٹا انٹگریشن، امپورٹ اسکیننگ اور ایف بی آر کی افرادی قوت کی ساکھ پر نظر رکھنا شامل ہیں۔ ایف بی آر کاروبار میں آسانیوں کی فراہمی اور ترقی کے لیے اپنے بزنس پراسیسز میں بھی بہتری لا رہا ہے۔

مزیدخبریں