دہشت گردی پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے، اس کا فوری خاتمہ ضروری ہے: وزیر اعظم

دہشت گردی پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے، اس کا فوری خاتمہ ضروری ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا  ہمارے سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی ہے، اور ہمیں اس کا فوری اور مؤثر خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے دہشت گردی کا سر کچلنا ضروری ہے تاکہ ملک میں امن و استحکام قائم ہو سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت داخلی خلفشار، دھرنوں اور احتجاجی مارچوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر فیصلے کرنے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی اور سیاسی استحکام ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے تمام اداروں کو ایک ساتھ کام کرنا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملک کی معیشت میں آہستہ آہستہ استحکام آ رہا ہے اور اس کی بہتری میں تمام اداروں کی محنت قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح بیرونی سرمایہ کاری ہے، اور اس کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون جاری ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہوگا، اور اس کے لیے تمام اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام، معاشی بہتری اور ترقی کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات جاری ہیں اور پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں غریب عوام 77 سال سے قربانیاں دے رہے ہیں اور اب وقت آ چکا ہے کہ ملک کی اشرافیہ بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ٹیکس چوری کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نواز شریف کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے اور اس جنگ میں 80 ہزار قیمتی جانیں قربان ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے اور ہمیں اس کا مکمل خاتمہ کرنا ہے تاکہ پاکستان میں امن و خوشحالی قائم ہو سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

مصنف کے بارے میں