لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے مقدمے میں عائد فرد جرم کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں پر شیرپاؤ پل کے قریب گاڑیاں جلانے اور جناح ہاؤس کے باہر توڑ پھوڑ کا الزام ہے۔ ملزمان نے مؤقف اپنایا کہ ان پر عائد فرد جرم غیر قانونی ہے اور اسے ختم کیا جائے۔
عدالت نے سماعت کے دوران 6 گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے، جن میں پولیس اہلکار یوسف اور کانسٹیبل رشید شامل تھے۔ گواہوں نے بتایا کہ جناح ہاؤس کے باہر توڑ پھوڑ کے نتیجے میں سرکاری املاک کو تقریباً 1 لاکھ 75 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔
فرد جرم کے خلاف درخواستوں پر عدالت نے پراسیکیوشن سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔