عمران خان نے علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی اجازت دے دی

05:56 PM, 19 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کی اجازت دے دی ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے دونوں رہنماؤں کو اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کرنے کی اجازت دی ہے، تاہم مذاکرات کے دوران تین اہم مطالبات پر زور دیا جائے گا۔

علیمہ خان نے اس موقع پر بتایا کہ عمران خان سے طویل ملاقات ہوئی اور 24 نومبر کو ایک اہم دن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 8 فروری کی طرح ایک بار پھر پاکستانی عوام کو باہر نکلنے کی کال دی ہے، مگر اس بار یہ کال ووٹ کے حق کو واپس لینے کے لیے ہے۔ علیمہ خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور نظریاتی لوگ احتجاج کریں گے، لیکن کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ یا تشدد میں ملوث نہیں ہوں گے۔

علیمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر گوہر نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی اجازت طلب کی تھی، جس پر عمران خان نے انہیں مذاکرات کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے اور مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ تاہم، ان مذاکرات کے دوران تین اہم مطالبات پر بات کی جائے گی۔

علیمہ خان نے عمران خان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "نظریاتی لوگوں کی جنگ جلد ختم نہیں ہوتی" اور 24 نومبر کو وہ اپنے نظریاتی حق کے لیے میدان میں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو رہنما ناحق قید ہیں، ان کی رہائی ضروری ہے، جن میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر چیمہ اور شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔

علیمہ خان نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پی ٹی آئی کے الیکٹیبلز پارٹی چھوڑ کر جا چکے ہیں، اور کل عمران خان کی ضمانت کے حوالے سے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر عمران خان کو ضمانت ملتی ہے تو وہ خود 24 نومبر کے احتجاج کی قیادت کریں گے، لیکن اگر ضمانت نہیں ملتی تو پارٹی ان کے لیے احتجاج کرے گی۔

علیمہ خان نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب روانہ ہوں، اور وہ بھی اپنی خاندان کے افراد سے ملاقات کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو 24 نومبر کی تاریخ کو جشن میں تبدیل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں