اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی صارفین کے لیے ونٹر پیکج منظور کر لیا

05:44 PM, 19 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) نے بجلی صارفین کے لیے ونٹر پیکج کی منظوری دے دی ہے، جو موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال پر ریلیف فراہم کرے گا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کے اعلان کردہ ونٹر پیکج کی حتمی منظوری دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اس پیکج کے تحت بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی منظوری پہلے ہی حاصل کر لی تھی۔

ونٹر پیکج کے تحت، اضافی بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ فلیٹ ریٹ وصول کیا جائے گا۔ یہ پیکج دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک نافذ رہے گا۔ اس پیکج کا فائدہ 200 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی، گھریلو اور کمرشل صارفین کو ہوگا۔ 

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ بجلی ٹیرف میں اضافے کی وجہ سے مختلف کیٹگریز کے صارفین نے بجلی کی کھپت میں کمی کی ہے۔ اس کے علاوہ، صارفین کے بجلی استعمال کا موازنہ 2024 کے متعلقہ مہینوں سے کیا جائے گا۔

ونٹر پیکج کا اطلاق تمام ڈسکوز کے جنرل صارفین اور کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ ذرائع کے مطابق، مالی سال 2023 کے موسم سرما میں بجلی کے استعمال میں 6 فیصد کمی آئی ہے۔

مزیدخبریں