اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شوگر ملز میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شوگر ملوں کے پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر مؤثر نگرانی کی جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے اس اقدام کو ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایک مضبوط قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیمروں کے ذریعے شوگر ملز کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس سے نہ صرف چینی کی پیداوار کے عمل کی نگرانی ہوگی بلکہ ذخیرہ اندوزی کے ذریعے قیمتوں میں اضافے کی کوششوں کا بھی تدارک کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ذخیرہ اندوزی اور ٹیکس چوری میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور چینی کی سیلز ٹیکس کی مکمل ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ عوام کو چینی کی مصنوعی قیمتوں میں اضافے سے بچانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔