وزارت داخلہ کا پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ

04:47 PM, 19 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات  کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈپٹی کمشنر نے احتجاج کے پیش نظر دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، اور وزارت داخلہ نے متعلقہ سکیورٹی اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ 

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت داخلہ نے احتجاج کے دوران شرپسندی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسلام آباد سمیت تمام اہم سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے خصوصی حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایات دی ہیں۔

وزارت داخلہ نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم دیا ہے اور افغان مہاجر کیمپوں کی جیوفنسنگ کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق احتجاج میں ملوث شرپسند طالب علموں کی تعلیمی اسناد اور داخلے منسوخ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ احتجاج کے دوران پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث افراد کے پاسپورٹ، شناختی کارڈز منسوخ کرنے اور موبائل سمز بلاک کرنے کے فیصلے پر بھی غور ہو رہا ہے۔

مزید برآں، وزارت داخلہ نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی ہے اور سکیورٹی کی مزید سختی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔

مزیدخبریں