اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ڈیڑھ گھنٹے تک طویل ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے احتجاج کی حکمت عملی اور اپیکس کمیٹی کے اجلاس پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں انہوں نے عمران خان سے ملاقات کی جو اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی، اور پی ٹی آئی کی قیادت نے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے حکمت عملی وضع کی۔
ملاقات کے بعد علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل کے باہر موجود میڈیا رپورٹرز سے گفتگو کیے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی جانب سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی ایک اہم پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو تاکید کی تھی کہ وہ احتجاج کے دوران گرفتار ہونے سے بچیں اور ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی انتظامیہ نے 24 نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے سیاسی یا مذہبی اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔