بشریٰ بی بی کی آڈیو لیک: 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہدایات

بشریٰ بی بی کی آڈیو لیک: 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں کو ہدایات

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ پی ٹی آئی کارکنوں کو 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے لیے اہم ہدایات دے رہی ہیں۔

 آڈیو کے مطابق، بشریٰ بی بی نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ احتجاج کے دوران گاڑیوں کی ویڈیوز بنائیں، جن میں عوام بھی شامل ہوں، تاکہ عوامی سطح پر احتجاج کی پزیرائی ہو سکے۔بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انہیں یہ ہدایت دی ہے کہ اگر انٹرنیٹ بند ہو جائے تو متبادل ذرائع کے انتظامات کرنا ہوں گے اور سوشل میڈیا کے ذریعے احتجاج کی ویڈیوز شیئر کرنی ہوں گی۔

 انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو اپنے انفرادی جلوسوں کی ویڈیوز بنانی ہوںگی، اور جو ویڈیوز کے بغیر احتجاج میں شریک ہوں گے، انہیں اگلی بار پارٹی کی ٹکٹ نہیں دی جائے گی، چاہے وہ پارٹی کے کتنے ہی قدیم رہنما کیوں نہ ہوں۔بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ ہر ایم این اے اور ایم پی اے کو اپنے علاقے کے کارکنوں کو ساتھ لے کر مرکزی جلوس میں شرکت کرنا ہوگی۔ اگر کسی کارکن کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کا خیال حلقے کے ایم این اے اور ایم پی اے کو رکھنا ہوگا۔

آڈیو میں بشریٰ بی بی نے احتجاج کو عمران خان سے وفاداری کا امتحان قرار دیتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کو 5 لاکھ افراد احتجاج میں شریک ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارٹی میں گروپنگ یا تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اس آڈیو کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ بشریٰ بی بی کا خطاب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت 24 نومبر کے احتجاج کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے 24 نومبر کو ایک بڑے احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریوں کے حوالے سے بشریٰ بی بی پشاور میں متحرک ہیں اور کارکنوں کو ہدایت دے رہی ہیں۔

مصنف کے بارے میں