ناراض بیوی کو منانے کے لیے شوہر کا حیران کن قدم، 4400 کلومیٹر کا سفر سائیکل پر طے

 ناراض بیوی کو منانے کے لیے شوہر کا حیران کن قدم، 4400 کلومیٹر کا سفر سائیکل پر طے

بیجنگ : چین کے صوبہ جیانگسو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی ناراض بیوی کو منانے کے لیے ایسا انوکھا طریقہ اپنایا جو سب کو دنگ کر دینے والا تھا۔ اس شخص نے 100 دنوں میں 4400 کلومیٹر کا فاصلہ سائیکل پر طے کیا تاکہ اپنی بیوی کو واپس پانے میں کامیاب ہو سکے۔

زاؤ اور لی کی شادی 2007 میں ہوئی تھی، مگر دو سال قبل ذاتی اختلافات کی وجہ سے دونوں میں علیحدگی ہو گئی تھی۔ زاؤ کے مطابق، ان کے درمیان کوئی سنجیدہ مسئلہ نہیں تھا، بس دونوں نے ضد پکڑ رکھی تھی اور علیحدہ ہو گئے تھے، تاہم وہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہے تاکہ پھر سے اکٹھے ہو سکیں۔

زاؤ کی بیوی لی نے اس حوالے سے بتایا کہ شوہر نے اسے ایک مذاق میں کہا تھا کہ اگر وہ سائیکل پر لہاسا تک جائے تو وہ واپس آ کر صلح کر لے گی۔ لی کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک مذاق تھا اور اسے بالکل بھی توقع نہیں تھی کہ زاؤ یہ کام حقیقت میں کرے گا۔لیکن زاؤ نے اپنی بیوی کی بات کو دل پر لے لیا اور 28 جولائی کو نانجنگ شہر سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ اس نے 100 دنوں میں 4400 کلومیٹر کا سفر سائیکل پر طے کیا اور 28 اکتوبر کو لہاسا پہنچنے میں کامیاب ہوا۔

اس دوران اسے دو بار ہیٹ اسٹروک کا سامنا بھی کرنا پڑا، اور ایک بار جب وہ بیمار پڑا تو اس کی بیوی اسپتال پہنچی اور سفر کو ملتوی کرنے کی درخواست کی، مگر زاؤ نے انکار کر دیا کیونکہ وہ اپنی بات پر قائم رہنا چاہتا تھا۔زاؤ کی صحت یابی کے بعد ان کی اہلیہ بھی اس سفر میں شامل ہو گئیں، اور دونوں نے 28 اکتوبر کو لہاسا پہنچ کر ایک تقریب میں صلح کا اعلان کیا۔

زاؤ اب نیپال اور یورپ تک سائیکل سے سفر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

مصنف کے بارے میں