بیروت: لبنان میں جاری حزب اللہ اور اسرائیل کی جنگ کے دوران ایک فوٹو جرنلسٹ نے بیروت کی ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری کا منظر کیمرے میں محفوظ کر لیا۔ یہ منظر اس وقت کیمرے کی آنکھ میں آیا جب اسرائیلی جنگی طیاروں نے عمارت پر بم گرائے۔
ایسوسی ایٹ پریس کے فوٹو گرافر حسن عمار نے دو روز قبل اس حملے کی تصاویر کھینچیں، جب اسرائیلی طیاروں نے بیروت کے ایک علاقے میں واقع عمارت کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نے جمعہ کے دن بیروت کے اس علاقے کے رہائشیوں کو وارننگ دیتے ہوئے عمارت خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔ حسن عمار اور دیگر افراد عمارت سے کچھ دور جمع ہو گئے تھے اور جیسے ہی وہ وہاں پہنچے، اسرائیلی طیاروں نے بمباری شروع کر دی۔
یہ حملہ اس عمارت پر کیا گیا جسے اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کی پناہ گاہ قرار دیا تھا۔ تباہ شدہ عمارت کی تصاویر کو عمار نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیا، جو اس جنگ کے تلخ اور تباہ کن اثرات کو عیاں کرتی ہیں۔
عمار حسن کے لیے یہ عمارت ذاتی طور پر بھی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ وہ خود اسی علاقے سے کچھ فاصلے پر پلے بڑھے تھے۔