اسلام آباد : تحریک انصاف کے 24 نومبر کو احتجاج کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت نے دونوں بڑے شہروں اسلام آباد اور کراچی میں سکیورٹی کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
اس قانون کے تحت، کسی بھی قسم کے سیاسی جلسے، جلوس یا اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، اور 5 یا اس سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی میں آج سے 24 نومبر تک یہ پابندیاں نافذ رہیں گی، اور حکومت کی جانب سے اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔
کمشنر کراچی نے واضح کیا ہے کہ شہر میں کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس یا اجتماع پر مکمل پابندی ہوگی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، کراچی میں سات دن تک دفعہ 144 نافذ رہے گی، جس میں 5 یا اس سے زائد افراد کا اکٹھا ہونا منع ہوگا۔ کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ اس پابندی کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔