ریاض: وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملکی معیشت کو برباد کیا جس سے معاشی بحران نے جنم لیا، موجودہ حکومت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے، موجودہ حالات میں ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کمیونٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ اوورسیز پاکستانی ملک کیلئے سٹرٹیجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے اور گزشتہ 6ماہ کے دوران ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت داؤ پر لگ چکی تھی مگر ہم نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے پر عمل کر کے ملکی معیشت کو بہتر بنایا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی اس نے ملک کو بہتری کی جانب بڑھایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہماری سیاست ملکی استحکام اور اس کی ترقی پر مبنی ہے، 2018ءسے قبل ہم آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کر کے کشکول توڑ چکے تھے مگر پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو برباد کیا جس سے معاشی بحران نے جنم لیا، پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس ترقیاتی بجٹ تک پیسے نہیں تھے لیکن موجودہ حالات میں ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں بلکہ پی ٹی آئی اور اس کے کچھ میڈیا میں حواری بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔