دوحہ: قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022ءکے دوران سٹیڈیم اور اردگرد میں الکوحل سے بنی اشیا پر پابندی کے بعد غیرملکی خواتین کے مختصر لباس پہننے کی بھی ممانعت کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے دوران شائقین کو مرضی کے کپڑے پہننے کی اجازت تو دی گئی ہے مگر میوزیم، سٹیڈیم اور سرکاری عمارتوں میں جانے والی خواتین شائقین کیلئے اپنے کندھے اور گھٹنے ڈھانپنا ضروری ہو گا۔
ایک غیر ملکی میڈیا ویب سائٹ کے مطابق قطر میں ورلڈکپ کے دوران خواتین پر چست ٹائٹس پہننے اور کھلے عام محبت کے اظہار پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ اس امر کی خلاف ورزی پر گرفتاری تک کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سٹیڈیمز میں خصوصی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے میچ کے دوران وہاں موجود شرٹس اتارنے والے شائقین بھی نظر رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ میں 32 ممالک حصہ لے رہے ہیں لہٰذا قوی امکان ہے ورلڈکپ میں شائقین کی تعداد بھی حیران کن ہوگی کیونکہ مشرق وسطیٰ کے کسی ملک میںپہلی بار فٹ بال ورلڈ کپ کا انعقاد ہو رہا ہے۔