آرمی چیف کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

05:20 PM, 19 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے رائے ونڈ کے لئے تین سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا جنرل قمر جاوید باجوہ نے تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں عائد پابندی ختم کرا کر بہت بڑی دینی خدمت سرانجام دی ۔

انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت پر پابندی عائد ہونے کے بعد میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے شاہ ولی عہد سے بات کرنے کی استدعا کی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے میری استدعا پر سعودی ولی عہد سے تبلیغی جماعت پر پابندی ہٹانے کی درخواست کی جو مان لی گئی ۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں پابندی ہٹوانے پر ہمیشہ اجر پہنچتا رہے گا ۔ اپنے پہلے دور اقتدار میں رائے ونڈ میں 30 ہزار کی گنجائش والی مسجد بنائی، آج بھی دنیا بھر سے جماعتیں وہاں آتی ہیں ۔ سب محکموں کو رائے ونڈ کے ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ رائے ونڈ کے ترقیاتی منصبوں کے لئے متعلقہ محکمے آج ہی متحرک ہوں اور مارچ تک تکمیل کا ہدف پورا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ کے علاقے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پٹرولنگ پوسٹ اور ایمرجنسی امداد کے لئے ریسکیو 1122 مراکز قائم کئے جا رہے ہیں ۔ نئی نسل میں دین کا بیج بونا ضروری ہے ۔ نوجوانوں میں منشیات سے نجات کے لئے قانون سازی سمیت متعدد اقدامات کر رہے ہیں ۔

مزیدخبریں