بتیس ٹیمیں، ایک ٹرافی کیلئے جنگ ، فٹبال ورلڈ کپ کا کل سے آغاز 

03:24 PM, 19 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

دوحہ : انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں ۔فٹ بال ورلڈ کپ کل سے قطر میں آغاز ہو رہا ہے۔ افتتاحی تقریب اور میچ قطر کے شہر الخور کے البیت سٹیڈیم میں ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق البیت سٹیڈیم میں 60ہزار تماشایوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ قطر میں کھیلے جانے والے عالمی فٹ بال کپ آغاز میزبان قطر اور ایکواڈور کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہوگا۔

میگا ایونٹ کے تمام میچز قطر کے پانچ مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے جن میں لوسیل ، الخور ، دوحہ،الریان اور الوکرہ شامل ہیں ۔پراجیکٹ اور ہیریٹیج ہائی کمیٹی مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن کے ڈپٹی جنرل منیجرخالد علی المولیوی کا کہنا ہے کہ 20 نومبر سے شروع ہونے والا فٹ بال ورلڈ کپ کا 22 واں ایڈیشن 18 دسمبر کو کھیلے جانے والے میچ کے ساتھ  ختم ہو گا۔شائقین ملک کے کئی حصوں میں لگائی جانے والی دیوہیکل سکرینوں پر میچ دیکھ سکیں گے۔

فیفا ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ فرانس کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ فرانس کی ٹیم نے 2018 کے میگا ایونٹ کے فائنل میچ میں حریف کروشیا کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 4گول سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں برازیل کو سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

جرمنی اور اٹلی کی ٹیمیں چار،چار مرتبہ، ارجنٹائن،فرانس اور یوروگوئے کو دو، دومرتبہ جبکہ سپین اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ میگا ایونٹ میں شامل 32 ٹیموں میں میزبان قطر ، برازیل، بیلجیم،دفاعی چیمپئن فرانس، ارجنٹائن، انگلینڈ، سپین، پرتگال، میکسیکو، ہالینڈ ،ڈنمارک، جرمنی، یوراگوئے، سوئٹزرلینڈ، امریکا، کروشیا، سینیگال، ایران، جاپان، مراکش، سربیا، پولینڈ، جنوبی کوریا ،تیونس ، کیمرون، کینیڈا، ایکواڈور، سعودی عرب، گھانا، ویلز، کوسٹا ریکا اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ان 32 ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں قطر (میزبان)، ایکواڈور،سینیگال اور ہالینڈ شامل ہیں۔

گروپ بی میں انگلینڈ،ایران،امریکا اور ویلز کو رکھا گیا ہے،گروپ سی میں ارجنٹائن،سعودی عرب ،میکسیکو اور پولینڈ شامل ہیں،گروپ ڈی میں دفاعی چیمپئن فرانس، آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کو رکھا گیا ہے،گروپ ای میں سپین ،کوسٹا ریکا ،جرمنی اور جاپان شامل ہیں،گروپ ایف میں بیلجیم ،کینیڈا ،مراکش اور کروشیا شامل ہیں، گروپ جی میں برازیل،سربیا ،سوئٹزرلینڈاور کیمرون کو رکھا گیا ہے اسی طرح گروپ ایچ میں پرتگال ،گھانا ، یوروگوئے اور جنوبی کوریا کو شامل کیا گیا ہے۔

میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 3سے 6دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ تاریخ کا مہنگا ترین ورلڈ کپ ہوگا۔ قطر نے ملک میں فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے انفراسٹرکچر پر 200 بلین ڈالر سے زائد خرچ کیے ہیں اور اسٹیڈیمز کو ائیر کنڈیشنڈ بنایا گیا ہے تاکہ شائقین لطف اندوز ہوسکیں۔ ادھر فیفا کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ بیس نومبر سے قطر میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران سٹیڈیم کے سے متعلق جگہوں پر شراب کی فروخت کی اجازت نہیں ہو گی۔

مزیدخبریں