لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی ٹیم کی بیٹنگ کا خوب امتحان ہوا۔
رمیز راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ کی وکٹ پر ہدف کا تعاقب بالکل بھی آسان نہیں تھا لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن نے خوب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کے پیچھے جیت ہو تو مشکلات بھولنا آسان ہوتا ہے، خود اعتمادی بہترین دوست ہے، لیکن یہ دوستی جیت کی صورت میں ہی ملتی، بہت اچھا کھیلے پاکستان۔
#PakvsBan Was a tough pitch to chase, and Pak’s batting got tested today. Lot easier to see off tough moments when you have wins behind you. Confidence is a great friend to have but it befriends you only if you are winning! Good job Pakistan.#PakistanZindabad
— Ramiz Raja (@iramizraja) November 19, 2021
واضح رہے کہ پاکستان نے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی تاہم خوشدل شاہ، فخر زمان ، شاداب خان اور محمد نواز کی پراعتماد بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم یہ میچ 6 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔
شاداب خان اور محمد نواز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 18 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔ شاداب خان نے10 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 21 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 8 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 18 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے۔