ممبئی : بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے زرعی قوانین کی واپسی کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر سڑک پر بیٹھے لوگ قانون بنائیں گے تو پھر حکومت اور پارلیمنٹ کا کیا کام ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی طرف سے متنازعہ زرعی قوانین کی واپسی کے فیصلے پر مایوس ہوگئی ہیں ۔ کنگنا رناوت نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ میں مودی حکومت کے متنازع زرعی قوانین کو واپس لینے کے فیصلے پر اپنی رائے دیتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
کنگنانے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک سوشل میڈیا صارف کی پوسٹ شیئر کی جس میں مودی حکومت کے متنازع زرعی قوانین کو واپس لینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا گیا تھا ’’ ثابت ہوا، اسٹریٹ پاور واحد طاقت ہے جو اہمیت رکھتی ہے‘‘۔
کنگنا نے اس صارف کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے متنازعہ زرعی قوانین سے متعلق حکومتی فیصلے کو افسوسناک، شرمناک اور ناانصافی پر مبنی قرار دیا اور کہا پارلیمنٹ میں منتخب حکومت نہیں بلکہ سڑکوں پر لوگ قوانین بنانا شروع کردیں تو یہ بھی جہادی قوم ہے۔ ان تمام لوگوں کو مبارک جو ایسا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے گزشتہ ایک سال سے ملک میں جاری کسانوں کے احتجاج کے آگے سر جھکاتے ہوئے زرعی اصلاحات کے نام پر منظور متنازع قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہم کسانوں کو ان قوانین پر اعتماد میں لینے میں ناکام رہے جس پر میں عوام سے معافی مانگتا ہوں، ہم نے پوری کوشش کی اور کسانوں کے اعتراضات کو دور کرنے کے لیے بھی تیار تھے۔تاہم کچھ کسان اس قانون کو قبول کرنے کے لیے راضی نہیں ہوئے۔ قوانین کی واپسی کے حوالے سے پارلیمنٹ کا آئینی عمل اس ماہ کے آخر تک شروع ہوجائے گا لہذا کسانوں سے درخواست ہے کہ وہ احتجاج ختم کردیں اور اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں ۔