گلگت بلتستان میں اگلے چند روز تک حکومت بنا رہے ہیں ،اعظم خان سواتی

گلگت بلتستان میں اگلے چند روز تک حکومت بنا رہے ہیں ،اعظم خان سواتی
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور،تحریک  انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کا شور کررہی ہے تو پھرثبوت پیش کریں ۔ وہ نیو نیوز کے پروگرام عائشہ احتشام کے ساتھ میں گفتگو کررہے تھے ان کا کہنا تھا کہ ہم اگلے چند روز تک گلگت میں حکومت بنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ   اگر اپوزیشن سمجھتی ہے تو وہ آئے ہم دوبارہ گنتی کروانے کو تیار ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن  چوری  کا مال بچانے کے لئے  تحریک چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران اگر کوڈآف کنڈکٹ کی کسی نے خلاف ورزی کی ہے تو سب سے پہلے بلاول بھٹو نے خلاف ورزی کی ہے ۔ پہلے تو بلاول بھٹو یہ جواب دیں کہ وہ الیکشن کے دوران گلگت بلتستان کیوں گئے ۔ اگر وہ ہار نہیں مانتے تو وہ ایسے ہی ہے کہ میں نہ مانوں ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرا بزنس امریکا میں ہے میرا صرف ایک بار آڈٹ ہوا ہے لیکن پاکستان میں ہر بزنس مین کا ہر سال آڈٹ ہوتا ہے ۔ اگر عمران خان نے الیکٹرونک  ووٹنگ کی بات کی ہے تو یہ اچھی بات ہے  اس سے کسی کو دھاندلی کا شو رمچانے کا موقع نہیں ملے گا ۔

میڈیا کے ذریعے پاکستان کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ ہماری نیت ٹھیک ہے یا غلط ۔ ان کے پاس پچھلی حکومت میں دوتہائی اکثریت حاصل تھی انہوں نے کیا کیا ۔عمران خان سیاستدان نہیں وہ لیڈر ہے اور لیڈر کا ویژن ہوتا ہے  اور عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت کامیابیاں حاصل کررہی ہے ۔