آرمی چیف سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور انجیلا اگلر کی ملاقات

06:36 PM, 19 Nov, 2020

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور مس انجیلا اگلر نے ملاقات کی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز امریکی ناظم الامور نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف سے ملاقات میں علاقائی، سکیورٹی صورت حال بالخصوص افغان امن عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات کے دوران انجیلا اگلر نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے کردار اور افغان امن عمل میں معاونت کی فراہمی پر تعریف کی۔

انہوں نے افغانستان میں امن کے مشترکہ مقصد کے لئے امریکہ کی جانب سے تعاون جاری رہنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ 

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان افغانستان کے دورے پر ہیں اور انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد پریسں بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے کہا پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ان تعلقات میں مزید بہتری کے خواہاں ہیں جبکہ کابل اور اسلام کے درمیان مسلسل رابطے ہونے چاہیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے امن کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کیا اور ان کا بھی ہمیشہ سے یہی موقف رہا کہ طاقت سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا ۔ پاکستان اور افغانستان کے عوام امن چاہتے ہیں جبکہ بدقسمتی سے افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ 

مزیدخبریں