الیکشن کمشنر نے گلگت بلتستان کے عوام کو موجودہ حکومت کو فروخت کردیا،بلاول بھٹو زرداری

02:53 PM, 19 Nov, 2020

اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمشنر نے گلگت بلتستان کے عوام کو موجودہ حکومت کو فروخت کردیا،چیف الیکشن کمشنر نے بڑی ڈھٹائی سے کہا الیکشن صاف اور شفاف تھے،الیکشن کمشنر نے خواتین کے ووٹ کے معاملے پر کوئی قدم نہیں اٹھایا جبکہ الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی اورکچھ تصاویر نیٹ پر شیئر ہوئی ہیں جس میں الیکشن کمشنر وفاقی وزرا سے مل رہے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کا شکرگزار ہوں، گلگت بلتستان کے عوام نے پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ دیئے، عوام نے ووٹ کے تحفظ کی جدوجہد میں بھرپورساتھ دیا، چیف الیکشن کمشنر نے کہا تھا پولنگ میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سب سے مقبول جماعت ہے اورعوام نے بھٹو زندہ ہے کا ثبوت دیا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک کچھ علاقوں سے مکمل رزلٹ موصول نہیں ہوئے،پہلے ہی کہا تھا الیکشن کمیشن کا موجودہ حکومت سے مک مکا ہے، فافن کی رپورٹ کے مطابق ہر پولنگ اسٹیشن پر 3 خلاف ورزیاں ہوئی ہیں، یہ الیکشن کمیشن نہیں بلکہ پی ٹی آئی کا الیکشن ونگ ہے جبکہ الیکشن کمشنر بتائیں انہوں نے کس کے کہنے پر پریس کانفرنس کی۔


چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ جب تک عوام کو حق حاکمیت نہیں دیں گے وہ آپ کو معاف نہیں کریں گے، اسلام آباد کی حکومت ایک، دو ماہ کی مہمان ہے، الیکشن کمشنر کہتے ہیں کہ الیکشن میں کوئی گڑبڑ نہیں ہوئی تھی جبکہ گلگت بلتستان کی خواتین کے ووٹوں کا تحفظ کریں گے۔


بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 7 ہزار خواتین رجسٹرڈ ہیں ان کا حق ہے ووٹ کاسٹ کریں،پیپلز پارٹی عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں کرسکتی ،عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے،27 دسمبر کو جی بی 3 میں پولنگ ہوگی،گلگت بلتستان کے عوام نے پرویز مشرف دور میں بھی ہمارا ساتھ دیا تھا جبکہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جی بی کے عوام کے حقوق کے کیس پر بات کریں گے۔

مزیدخبریں