کراچی:وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک سال میں کے سی آر کو مکمل تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکلر ریلوے کا کرایہ 30 روپے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جیسے جیسے پل بنتے جائیں گے سرکلر ریلوے کا کام آگے بڑھاتے جائیں گے اور شہر میں چھیالیس کلومیٹر ٹریک بچھا رہے ہیں، جس میں سولہ کلومیٹر کے سی آر کا حصہ ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کے سی آر کیلئے چالیس کوچز فراہم کرے گا، سرکلر ریلوے کا کرایہ 30 روپے ہوگا جبکہ کراچی والوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کا سہرا وزیر اعظم عمران خان کے سرجاتا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 25 سال بعد کے سی آر چلنے والی ہے ، کراچی میں 46 کلومیٹر پر ٹرین چلا رہے ہیں،16 کلومیٹر کے سی آر کا حصہ ہے،مزدورطبقہ750روپے ماہانہ کارڈکے ذریعے سفرکرسکے گا جبکہ اس کا کریڈٹ چیف جسٹس،عمران خان ،سندھ حکومت اورپاکستان ریلوے کے ملازمین کو جاتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اللہ سے امید ہے جس کام کا بیڑا چیف جسٹس نے اٹھایا تھا اسے جلدمکمل کریں، جیسے جیسے پل بنتے جائیں گے کے سی آر کو بڑھاتے جائیں گے، کراچی کو بے پناہ مسائل کا سامنا ہے،ایک سال میں کے سی آر کو مکمل تیار کردیں گے اور سپریم کورٹ کے آرڈر سندھ گورنمنٹ کیلئے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کراچی میں کسی سیاسی جماعت کی طرف سے حمایت نہیں ملی،کے سی آر کے راستے میں قبضہ مافیا موجود ہے،ایک سال تک تمام راستے کلیئر کرا دیئے جائیں گے،پاکستان ریلوے 40 کوچز بنا رہی ہے،سندھ گورنمنٹ نے ایف ڈبلیو او کو ٹینڈر دیدیاہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جس وقت یہ پل بن گئے پاکستان ریلوے وہاں تک پہنچ جائے گی،جب میں وزیر بنا تو لوگوں نے ڈبوں سے بہت سی چیزیں نکال لیں تھیں،ریل چلتی رہے تو بہتر رہتا ہے رک جائے تو نقصان ہونے لگتا ہے،سپریم کورٹ نے جو حکم دیا ہے اسے کلیئر کرانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ 25 سال پہلے کی زمین پر قبضہ مافیا نے گھر ،پلازے اور مارکیٹس بنا دی ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کل بھی سرکلر ریلوے میں عوام مفت سفر کرسکیں گے،کام کرنا بہت مشکل ہے اور تمام مشکلات کے باوجود کام جاری ہے،کے سی آر کیلئے 12 پھاٹک لگائے جائیں گے،15 روز میں 12 پھاٹک لگا دیں گے تاکہ کوئی نقصان نہ ہو،سندھ حکومت نے اوور برج اور انڈر برجز کے ٹھیکے دے دیئے ہیں جبکہ سندھ حکومت کا جیسے جیسے کام مکمل ہوگا ہم اپنا کام کرتے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں زمینوں پر اتنا قبضہ ہے ایک زمین بیچیں تو ریلوے کا قرضہ ختم ہو جاتا ہے،3 بار ٹینڈرز لگائے مگر سنگل پارٹی آئی، اسے ٹینڈر نہیں دیا،کراچی سے میر پور خاص تک مہران ایکسپریس جائے گی ۔
شیخ رشید نے کہا کہ گلگت میں بہت بہترین الیکشن ہوئے ہیں،اگر اپوزیشن گلگت کے الیکشن کو نہیں مانتی تو کسی کو نہیں مانا جاسکتا ہے،گلگت میں دوتہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے جبکہ اپوزیشن آزاد کشمیر کے الیکشن کی فکر کرے۔