جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کے دو جوان شہید، سپاہی زخمی

11:46 AM, 19 Nov, 2020

راولپنڈی: دہشتگردوں نے پاک فوج کی  چیک پوسٹ پر فائرنگ کرکے ملک ک حفاظت پر مامور دو جوانوں کو شہید کر دیا ہے، اس حملے میں ایک سپاہی بھی زخمی ہوا، بزدل دشمنوں نے یہ کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے یہ فائرنگ جنوبی وزیرستان کے علاقے پش زیارت میں کی گئی۔ شہدا میں 32 سالہ حوالدار مطلوب احمد اور سپاہی سلمان شوکت شامل ہیں۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے لپ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز کے 22 جوانوں نے وطن کی خاطر قربان ہو کر جام شہادت نوش کیا تھا۔ ان میں سے چھ جوان شمالی وزیرستان میں شہید ہوئے جبکہ پندرہ جوانوں نے بلوچستان میں جام شہادت نوش کیا تھا۔

گزشتہ ماہ بلوچستان کے علاقے اورماڑا کے قریب دہشتگردوں نے او جی ڈی سی ایل) کے قافلہ پر حملہ کر دیا تھا۔ اس بزدلانہ حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان جوانوں اور گارڈز سمیت 14 شہید ہو گئے تھے۔

ان شہدا میں عابد حسین، شاکر اللہ، عبدالنافع، وارث خان، عطا اللہ، محمد فواد اللہ، حوالدار ریٹائرڈ سمندر خان، سپاہی عمران خان، سپاہی محمد وارث، لانس نائیک عبدالطیف، سپاہی محمد نوید، لانس نائیک افتخار احمد، نائیک محمد انور اور صوبیدار عابد حسین شامل تھے۔

مزیدخبریں