گلگت بلتستان میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ، آزاد امیدوار وزیر سلیم کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

11:27 AM, 19 Nov, 2020

اسلام آباد: گلگت بلتستان میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے۔ جی بی ایل اے 9 سکردو 3 سے کامیاب آزاد امیدوار وزیر سلیم نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیر سلیم کی جانب سے یہ اعلان پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات میں کیا گیا۔ وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون اور سینئر مرکزی نائب صدر ارشد داد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے ریاست مخالف بیانیے کو دفن کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں گلگت بلتستان کو غیر معمولی ترقی سے ہمکنار کریں گے۔ سکردو سے منتخب آزاد امیدوار وزیر سلیم کی شمولیت کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں۔

چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے ریاست مخالف بیانیے کو دفن کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان کی تاریخ کے پرامن اور شفاف انتخابات میں رائے دہندگان نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں پر بھرپور اظہارِ اعتماد پر گلگت بلتستان کے عوام کے شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مضبوط حکومت کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ حکومت سازی کے بعد پوری توجہ گلگت بلتستان کی تعمیر وفلاح پر مرکوز کریں گے۔ انشا اللہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں گلگت بلتستان کو غیر معمولی ترقی سے ہمکنار کریں گے۔

خیال رہے کہ 15 نومبر کو ہونے والے گلگت بلتستان کے انتخابات میں وفاق میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے واضح برتری حاصل کرکے دیگر جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ پی ٹی آئی کے مدمقابل جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو واضح برتری نہ مل سکی۔ ن لیگ کے دو اور پی پی پی کے صرف چار امیدوار ہی ان الیکشن میں کامیاب ہو سکے تھے۔

مزیدخبریں