پاکستان میں کورونا سے مزید 18 ہلاکتیں، چوبیس گھنٹوں میں 2547 افراد میں وائرس کی تصدیق

18 more deaths from corona in Pakistan, 2547 people confirmed the virus in 24 hours
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 18 اموات سامنے آ چکی ہیں جبکہ 2547 افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 5690 کنفرم کیسز، 1348 ایکٹو کیسز جبکہ 132 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ صوبہ بلوچستان کی بات کی جائے تو وہاں 16582 کنفرم کیسز، 483 ایکٹو اور 157 افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق گلگت بلتستان میں اس وقت 4482 کنفرم کیسز موجود ہیں۔ ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو اسلام آباد 25278، خیبر پختونخوا 43052، صوبہ پنجاب 112284 اور صوبہ سندھ میں 158559 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس وقت گلگت بلتستان میں 145، اسلام آباد میں 4099، خیبر پختونخوا میں 2272، صوبہ پنجاب میں 11919 اور سندھ میں 11739 ایکٹو کیسز ہیں۔ اس موذی مرض کے ہاتھوں جان کی بازی ہارنے والوں میں سندھ کے 2764، پنجاب کے 2519، خیبر پختونخوا کے 1318، اسلام آباد کے 265، گلگت بلتستان کے 93، بلوچستان کے 157 اور آزاد کشمیر کے 132 شہری شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے عوام کو وبائی مرض کے خطرات سے آگاہ کرے ہوئے ایک بار پھر کہا ہے کہ کورونا سے بچنے کیلئے احتیاط لازمی ہے، یہ وائرس دوبارہ بڑھ رہا ہے، موجودہ صورتحال خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے بڑھتے خطرات کا اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے 6 شہروں کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے سخت لاک ڈائون نافذ کیا جا چکا ہے۔ ان علاقوں میں اشیائے ضروریہ فراہم کرنے والی دکانوں کے علاوہ تمام کاروباری سرگرمیوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ ادھر کورونا وائرس کے کیسز کی وجہ سے اسلام آباد کے مزید 3 سکولوں کو سیل کیا جا چکا ہے۔

ان تمام خطرات کے باوجود خوشی کی خبر یہ ہے کہ پاکستان نے کورونا ویکسین کے حصول کیلئے ادویہ ساز کمپنیوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے خطیر رقم مختص کی جا چکی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین نے بتایا ہے کہ دوائی کی قیمت جتنی بھی ہوگی، اس کا حصول ممکن بنائاے جائے گا اور تمام پاکستانی شہریوں کو مفت لگائی جائے گی۔

ادھر امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ ملکی ضرورت پوری ہونے کے بعد کورونا ویکسین تجارتی بنیاد پر دیگر ممالک کو برآمد کی جائے گی۔ سپین کی حکومت نے جانسن اینڈ جانسن کو کورونا ویکسین کی آخری ٹرائل کی اجازت دے دی ہے جس کا ٹیسٹ دیگر 8 ممالک بھی ہوگا۔

امریکہ میں وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے بہت سے ریاستی گورنروں نے پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ شہریوں کو تھینکس گیونگ چھٹی کے موقع پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عالمی وبا کی وجہ سے اوسلو میں رواں سال نوبل انعام دینے کی روایتی تقریب کی بجائے ڈیجیٹل تقریب کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ آسٹریلیا کے جنوبی حصے میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 6 روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ65لاکھ58 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اموات کی تعداد 13 لاکھ 54 ہزار 616 ہو گئی جبکہ اس وقت 1 کروڑ 58 لاکھ 53 سو 798 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔