لاہور: صوبائی وزیرصنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں خواتین سرمایہ کاروں کے لئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے حکام خواتین کے لئے علیحدہ سپیشل اکنامک زون بنانے کے لئے وومن چیمبرز کی مشاورت سے ایک ماہ کے اندر پلان بنا کر پیش کریں۔
تفصیلات کے مطابق میاں اسلم اقبال نے اِس اَمر کا اعلان ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیراہتمام وومن انٹرپرینیورشپ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردارتنویرالیاس خان، چیف ایگزیکٹو پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانا،وومن چیمبر کی اراکین اور خواتین سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
میاں اسلم اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،جب تک خواتین عملی میدان میں نہیں آئیں گی ملک کا نظام نہیں چل سکتا، پنجاب حکومت نے خواتین کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے انقلابی پروگرام ترتیب دیئے ہیں،کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام کا آغاز اسی ہفتے کیا جا رہا ہے،اس مقصد کے لئے کاٹیج انڈسٹری کو تین لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے،ہنرمند نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے 6ارب روپے کا بڑا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت بزنس پلان دینے والے ہنرمند نوجوانوں کو30لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے.
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں خواتین کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں،بزنس پلان کے ساتھ قرض کے لئے اپلائی کرنے والی خاتون کو قرضے کی فراہمی کے لئے90فیصد سرمایہ حکومت دے گی جبکہ 10فیصد حصہ خاتون ڈالے گی،آپریشنل کاسٹ صرف 6فیصد جبکہ گریس پیریڈ 10ماہ ہو گا۔ صوبائی وزیر نے کہا وومن چیمبر خواتین کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے تاہم اسے مزید متحرک ہونا پڑے گا۔