اسلام آباد:سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو جاری کردہ امدادی پیکج کی پہلی قسط مل گئی جس کا حجم ایک ارب ڈالر ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر مل گئے ہیں جس کے بعد قومی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 80 کروڑ روپے کی سطح پر آ گئے ۔وزارت خزانہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امدادی پیکج کی ایک ، ایک ارب ڈالر کی اقساط آئندہ 2 ماہ تک مل جائیں گی ، مؤخر ادائیگیوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی دسمبر سے شروع ہوگی ، 3 ارب ڈالر کے پیکج اور 3 ارب ڈالر کے تیل کے معاہدے پرعمل شروع ہوچکا ہے۔
خیال رہے پاکستان کو گزشتہ حکومت کی خراب معاشی پالیسوں کے باعث مالی بحران کا سامنا ہے جس کے لئے موجودہ حکومت دوست ممالک سمیت عالمی مالیاتی ادارے سے بھی رابطے میں ہے جبکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔