کیلیفورنیا : ٹیک جائنٹ گوگل نے پاکستان کو دنیا کے نقشے پر تیزی سے ابھرنے والا دیجیٹیل ملک قرار دے دیا ہے ۔
گوگل کی جاری کر دہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چھوٹے اور محدود سرمائے کے باوجود انٹرنیٹ پروان چڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے صارفین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس کی بدولت چھوٹے پیمانے پر ہونے والے کاروبار کو بہت زیادہ تقویت مل رہی ہے۔
گوگل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مختلف کمپنیوں کے لیے پاکستان میں کاروبار کے لاتعداد مواقع ہیں اسی وجہ سے مختلف غیر ملکی کمپنیاں مستقبل میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش مند بھی ہیں , رپورٹ کے مطابق متعدد نامور برانڈز اپنے صارفین کے ساتھ براہ راست تعلق کے خواہش مند ہیں جس کی سہولت انہیں پاکستان میں آسانی کے ساتھ مل سکتی ہے۔
گوگل نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی اعتراف کیا پاکستان کی آبادی 20 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، مستقبل میں پاکستان دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا پانچواں ملک بن جائے گا۔
ایک اور امریکی کمپنی کے سروے کا حوالے دیتے ہوئے گوگل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں مقیم افراد اپنے دیہاتوں سے نکل کر شہری زندگی اپنا رہے ہیں جس کی وجہ سے شہری علاقوں کا پھیلاؤ بھارت کے مقابلے میں کہی زیادہ ہوگیا اور اس وقت 40 فیصد سے زائد آبادی مختلف شہروں میں رہائش پذیر ہے۔