پاکستانی شیول آپریٹر نے جان ہتھیلی پر رکھ کر سعودی کو سیلاب میں ڈوبنے سے بچا لیا

12:59 PM, 19 Nov, 2018

جدہ: سعودی عرب میں  شیول آپریٹر پاکستانی نوجوان شکیل احمد نے جان ہتھیلی پر رکھ کر سعودی شہری عبدالرحمان محمد العیسیٰ کو سیلاب کے ریلے میں بہتے ہوئے ڈوبنے سے بچالیا۔

تفصیلات کے مطابق شکیل احمد مکہ مکرمہ ریجن کے شہر سبت الجارہ میں تقریباً8برس سے کام کررہا ہے ۔پاکستان کے شہر گجرات سے تعلق رکھتا ہے۔ یہاں وادی میں شدید سیلاب میں ایک سعودی شہری گاڑی سمیت پانی کے ریلے میں بہنے لگا تھا۔ وادی کے اطراف جمع دسیوں لوگ یہ منظر دیکھ کر افسوس ، رنج اور مایوسی کا اظہار کررہے تھے۔

اسی دوران شکیل احمد نے سعودی شہری کو بچانے کیلئے موقع پر موجود متعلقہ اداروں کے اہلکاروں سے امداد کی اجازت حاصل کرنا چاہی۔ اہلکاروں نے صاف انکار کردیا کیونکہ انہیں نظر آرہا تھا کہ جو شخص بھی طوفانی دھارے میں بہنے والے سعودی کو بچانے کی کوشش کریگا وہ خود بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔ پاکستانی نوجوان نے اہلکاروں کو یقین دلایا کہ وہ اپنی موت کا ذمہ دار خود ہوگا۔

اسے مصیبت زدہ سعودی بھائی کو بچانے کا موقع دیا جائے۔ جونہی اسے اجازت ملی وہ شیول اسٹارٹ کرکے پانی کے ریلے میں گھس گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سعودی شہری کو گاڑی سمیت بحفاظت ساحلِ نجات پر لے آیا۔ موقع پر موجود شہریوں نے پرجوش تالیوں کیساتھ شکیل احمد کو خراج، شکر و قدرو منزلت و تحسین پیش کیا۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے اسکی اطلاع ملتے ہی پاکستانی نوجوان کو انعام اور اعزاز سے نوازنے کی نوید سنائی۔

شکیل احمد کا کہناہے کہ اسے جو عزت اور محبت سعودیوں سے ملی ہے وہ ان سب کو پاکستان کے نام منسوب کرتا ہے اور اسے جو رقم ملے گی وہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے ڈیم فنڈ میں جمع کرادیگا۔

مزیدخبریں