'امریکی مفادات کیلئے ہم نے اپنے مذہب میں نئے مسلک بھی ایجاد کر ڈالے'

'امریکی مفادات کیلئے ہم نے اپنے مذہب میں نئے مسلک بھی ایجاد کر ڈالے'
کیپشن: ہم نے امریکا کے لیے جو کچھ کیا اس کی قیمت اب تک اپنے خون سے چکا رہے ہیں، خواجہ آصف۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سنیئر رہنما خواجہ آصف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکا کے لیے جو کچھ کیا اس کی قیمت اب تک اپنے خون سے چکا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حتیٰ کہ امریکی مفادات کے لیے ہم نے اپنے مذہب میں نئے مسلک بھی ایجاد کر ڈالے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ دیتے تھے ہم پاکستان کو سپورٹ کر رہے تھے اور القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن وہاں ملٹری اکیڈمی کے قریب آرام سے رہائش پریز تھا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی اسامہ بن لادن کے بارے میں جانتا تھا لیکن انہوں نے ہمیں اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔