اسلام آباد:افغانستان میں بے دردی سے نامعلوم افراد کی جانب سے شہید کئے جانے والے ایس پی طاہر داوڑ کی بیٹی سمجھ کر وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے غلط ٹوئٹ کردی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم میں ایک بچی کی تصویر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کی باہمت بیٹی ہے تاہم وہ شہید داوڑ کی بیٹی نہیں ہے۔
شہریار آفریدی نے بھی تصدیق کیے گئے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وہی تصویر شیئر کردی۔اپنے بیان میں شہریار آفریدی نے کہا کہ وہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کی صاحبزادی فاطمہ کی ہمت کی تعریف کرتے ہیں۔
وزیر مملکت نے شہید ایس پی طاہر داوڑ کی تصویر کے ساتھ پولیس یونیفارم میں جس بچی کی تصویر شیئر کی وہ ہری پور پولیس کے ایک افسر کی بیٹی ہے، اس کی تصحیح ایک پولیس افسر نے شہریار آفریدی کی ٹوئٹ کے جواب میں بھی کی۔
خیال رہے کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کو 26 اکتوبر کو اسلام آباد سے اغوا کیا گیا جس کے بعد ان کی لاش افغانستان سے برآمد ہوئی تھی۔