کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی میں گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے ایک معصوم بچہ جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق کے جی ون کا طالب علم معصوم عالیان اپنے والد عارف کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ کورنگی ساڑھے تین نمبر پر اتوار بازار کے قریب اس کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی جس سے اس کی نسیں کٹ گئیں۔
بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ حکومت پتنگ کی ڈور پر پابندی لگائے اور اس پر عمل بھی کرائے۔
انھوں نے بچے کی ہلاکت کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔واضح رہے کہ پاکستان میں پتنگ کی ڈور کی وجہ سے ہر سال متعدد افراد جاں بحق ہو جاتے ہیں۔
رواں برس مارچ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما تیمور مسعود نے پتنگ بازی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد بھی جمع کرائی تھی جس میں تجویز دی گئی تھی پتنگ بازی کے خاتمے کے لیے پولیس کو بلدیاتی نمائندوں کی مدد لینی چاہیے۔