بیونس آئرس: ارجنٹائن کی فوجی آبدوز آبدوز ’’اے ار اے سان جوان‘‘ بحر اوقیانوس میں چار روز سے لاپتہ ہے جس کی تلاش کا کام جاری ہے۔ آبدوز میں عملے کے 44 افراد سوار ہیں۔ آبدوز سے آخری بار سگنل 2 روز قبل موصول ہوئے تھے تاہم اس وقت بھی رابطہ قائم نہیں ہوسکا تھا۔
آبدوز جنوبی امریکہ میں معمول کے مشن کے بعد بیونس آئرس کے جنوب میں واقع اپنے بحری اڈے واپس آرہی تھی کہ اس دوران لاپتہ ہوگئی۔ ارجنٹائن نیوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آبدوز کہاں ہے اور اس کا کنٹرول روم سے رابطہ کس وجہ سے منقطع ہوا.
اگر رابطے میں کوئی تکنیکی خرابی ہوئی ہے تو وہ جلد سطح آب پر نمودار ہوجائے گی، آبدوز میں کئی دنوں کا غذائی سامان موجود ہے جس کے ذریعے عملہ ہم سے رابطہ کیے بغیر بھی اپنا سفر متعدد روز تک جاری رکھ سکتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ آبدوز میں بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی وجہ سے مواصلاتی رابطہ ٹوٹ گیا ہو، ایسی صورتحال میں اگر کسی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو جائے تو اسے سطح پر آ جانا چاہیے۔ ‘ہمیں توقع ہے کہ وہ سطح پر ہے اور ہم اس کو جلد تلاش کرلیں گے۔