ابوجا: قدرتی طورپرسر جڑے یا دھڑجڑے بچوں کا آپریشن تودنیا کے بیشترممالک میں ہوتا ہے لیکن نائجیریا کے ڈاکٹروں نے ناف سے جڑی 2 بچیوں کا پیچیدہ آپریشن کیا ہے جس کے بعد دونوں بہنیں روبہ صحت ہیں۔
نائجیریا کے تینیسی اسپتال میں ناف سے جڑی جڑواں بہنوں کو آپریشن کے لئے لایا گیا جہا ں ڈاکٹروں نے مکمل طبی معائنے کے بعد 18 گھنٹے تک جاری رہنے والے طویل اور پیچیدہ آپریشن کے بعد دونوں بہنوں کو الگ کردیا۔ کامیاب آپریشن کے بعد دونوں بہنیں خطرے سے باہر اور تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔
بچیوں کا کامیاب آپریشن کرنے والے ماہر سرجن ڈاکٹر میکس لینگم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں 50 لاکھ جڑواں بچوں میں سے کسی ایک کی پیدائش اس طرح ہوتی ہے جب کہ دونوں بچیوں کا اگر آپریشن نہ کیا جاتا تو مستقبل میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا رہتا تاہم اب دونوں بچیاں عام بچیوں کی طرح ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں بہنیں مستقبل میں نہ صرف چل سکیں گی بلکہ دیگر بچیوں کی طرح نشوونما بھی پائیں گی۔
دونوں بچیوں کو فی الحال اسپتال میں ہی رکھا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ان کا معائنہ بھی ہورہا ہے جب کہ بچیوں کے والدین اس وجہ سے بھی زیادہ خوش ہیں کہ بچیوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ان کا کامیاب آپریشن ہوا اور وہ اب عام بچیوں کی طرح ہیں۔
نائجیریا کے تینیسی اسپتال میں ناف سے جڑی بچیوں کا یہ دوسرا کامیاب آپریشن ہے اس سے قبل 2011 میں دو جڑواں بھائیوں کا کامیاب آپریشن کیا گیا تھا۔