قازقستان: 56 سالہ امریکی خاتون پیگی وٹسن نے قازقستان کے بیکانور کوسموڈروم سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہونے کے بعد دنیا کی معمر ترین خلاءنورد ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
وٹسن سب سے پہلے 2002 میں اور پھر 2007 میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن گئی تھیں جب کہ 2007 میں انہوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی خاتون کمانڈر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ اس سال کے خلائی سفر میں وہ مئی 2017 تک خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گی جس دوران وہ فروری 2017 میں دوسری مرتبہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کمان سنبھال کر خواتین خلاءنوردوں میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کریں گی جبکہ وہ اپنی 57 ویں سالگرہ 9 فروری 2017 کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ہی پر منائیں گی۔
وہ بیکانور کوسموڈروم، قازقستان سے روسی ”سویوز“ راکٹ کے ذریعے خلائی سفر پر روانہ ہوئیں۔ ان کے ہمراہ ایک روسی اور ایک فرانسیسی خلائنورد بھی ہیں۔ 3 افراد کا یہ عملہ آج بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچے گا جہاں پہلے ہی ایک امریکی اور دو روسی خلاءنورد موجود ہیں۔