لندن:لندن اور نیویارک میں اسرائیل کیخلاف مظاہرے کئے گئے اور شرکا کا جنگ بندی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ لندن اور نیویارک میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے جاری ہیں جس میں مظاہرین نے غزہ پر جاری بمباری فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطینیوں کی حمایت اور غزہ میں جنگ بندی کے حق میں نیویارک میں سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
اس کے علاوہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں بھی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔دوسری جانب اسرائیلی جنگی کابینہ میں شامل اتحادی رکن نے بھی حکومت چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔
جنگی کابینہ میں شامل اتحادی رکن بینی گینٹز نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کو غزہ جنگ سے متعلق سوالات کا 8 جون تک جواب دینا ہوگا، جواب نہ دیا گیا تو حکومت چھوڑ دیں گے۔
دریں اثنا قابض صیہونی افواج کی شمالی اور جنوبی غزہ میں شدید بمباری کے باعث مزید 83 فلسطینی شہید جبکہ 105 زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رہائشی عمارتوں، پناہ گزین کیمپوں اور اقوام متحدہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے شیلٹر ہوم پر بمباری سے 4 فلسطینی شہید ہوئے۔رفاہ سے نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 6 لاکھ 50 ہزار ہو گئی ہے۔