کراچی :وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کا کہنا ہے کہ انصاف کا دہرا معیار قابلِ مذمت ہے۔ا نہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ریلیف کا ہر طرف چرچہ ہے۔ انصاف اور ریلیف کے درمیان فرق واضح ہو چکا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو انصاف نہیں ملا، ان کے قاتلوں کو ریلیف دیا گیا۔
آج ایک لاڈلے کو لانے کے لیے مرسڈیز گاڑی کا حکم دیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ گرفتاری کے نام پر اسی لاڈلے کو گیسٹ ہاؤس میں رکھنے کا حکم دیا جاتا ہے، جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا جاتا تھا۔انہوں نے کہا آج 60 ارب روپے لوٹنے والے شخص کو سپریم کورٹ میں معزز مہمان کی طرح بلایا جاتا ہے، آج عدالت کہتی ہے کہ ایک انسان کے لیے اتنے مقدمات میں پیش ہونا ممکن نہیں۔
محترمہ بینظیر بھٹو شہید ایک دن کراچی، دوسرے دن اسلام آباد، تیسرے دن لاہور کی عدالتوں میں پیش ہوا کرتی تھیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاش اس وقت بھی کہا جاتا کہ ایک خاتون اپنی بیمار والدہ کی تیمار داری کریں یا ہر روز عدالت میں پیش ہوں۔